اسلام گڑھ (نامہ نگار) مسلم کانفرنس کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ 24 اکتوبر کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور حقِ خودارادیت کی تاریخ میں اہم مقام رکھتا ہے۔ یہ دن اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور تحریک آزادی کشمیر کے مقاصد سے تجدیدِ عہد کرنے کا پیغام دیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار مسلم کانفرنس کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن اور سابق امیدوار اسمبلی نارووال میاں ذیشان رضا، آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما اور سابق امیدوار اسمبلی ایل اے 36 جموں 3 سیالکوٹ چوہدری افضل ہمایوں گجر اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے چیف آرگنائزر راجہ ظہیر احمد کیانی ایڈووکیٹ نے اپنے بیانات میں کیا۔
میاں ذیشان رضا نے کہا کہ آزاد کشمیر کا قیام کشمیری عوام کی سیاسی جدوجہد کا اہم مرحلہ تھا، جس نے آزادی، خودمختاری اور قومی تشخص کے جذبے کو تقویت دی۔ ان کے مطابق اس تاریخی دن کو صرف تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اس کے حقیقی پیغام کو سمجھنا اور خطے کی ترقی، عوامی خوشحالی اور اتحاد کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔
چوہدری افضل ہمایوں گجر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مشکلات اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
راجہ ظہیر احمد کیانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور خدمتِ خلق کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
رہنماؤں نے یومِ تاسیس آزاد کشمیر کے موقع پر کشمیری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام اپنے جائز حقوق، امن، ترقی اور خوشحال مستقبل کے لیے پُرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔
