اسلام آباد: غیرقانونی طور پر یورپ میں داخلے کی کوشش کرنے والے پاکستانیوں سے ایف آئی اے کی تحقیقات ہوں گی
یونان میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے والے 40 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرکے خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے معاملات کا ایئرپورٹ پر انفرادی طور پر جائزہ لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واپس بھیجے گئے پاکستانیوں میں زیادہ تر کا تعلق منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے، جبکہ فہرست میں اسلام آباد کا ایک شہری بھی شامل ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ افراد لیبیا کے راستے غیرقانونی طور پر یونان پہنچے تھے، جہاں انہیں مختلف حراستی مراکز میں رکھا گیا تھا۔
نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے بتایا کہ زیادہ تر افراد پاکستان سے قانونی فضائی راستوں کے ذریعے بیرون ملک گئے تھے، تاہم بعد میں غیرقانونی طریقے سے یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار ہوگئے۔
حکام کے مطابق ڈی پورٹ ہونے والے افراد سے متعلق مزید تحقیقات ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیلز کریں گے۔ تفتیش کے دوران حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر مبینہ سہولت کاروں کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک سفر کے لیے قانونی ذرائع اور مستند سفری دستاویزات استعمال کریں۔ حکام کے مطابق مختلف ہوائی اڈوں پر سفری دستاویزات کی جانچ کے لیے پری ویریفکیشن کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
