19 اہلکاروں کی لاشیں برآمد، بلوچستان بھر میں سوگ کی فضا
***************
زیارت: بلوچستان کے ضلع زیارت سے گزشتہ روز اغوا کیے گئے 21 پولیس اہلکاروں کے حوالے سے انتہائی افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اغوا کیے گئے اہلکاروں میں سے 19 کی لاشیں آج زرغون غر کے علاقے سے برآمد ہوئی ہیں، جبکہ باقی اہلکاروں کی تلاش اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ ان اہلکاروں کو گزشتہ روز اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کی بازیابی کے لیے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا، تاہم آج ان کی شہادت کی خبر نے پورے بلوچستان کو سوگوار کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں سعیم علی (تھانہ مانگی)، اختیار محمد (تھانہ زیارت)، نفس علی، جبار رحمان، محمد اقبال اور محمد سلیم (اے ٹی ایف ونگ)، سلطان جنان، محمد زمان، حضرت اللہ، خیر اللہ اور مقبول احمد (تھانہ کچ)، حبیب اللہ، محمد احمد، صابر احمد، مفتاح اللہ، محمد فراش، محمد اسلام اور محمد عیشان (تھانہ کواس)، جبکہ محمد اکبر، احتشام احمد اور زین محمد (تھانہ مانگی) شامل ہیں۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔ حملہ آوروں کی تلاش، باقی اہلکاروں کے بارے میں معلومات کے حصول اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔