گوجرانوالہ: 8 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک
گوجرانوالہ: تھانہ صدر گوجرانوالہ کی حدود میں پولیس کے مبینہ مقابلے کے دوران 8 سالہ خصوصی بچی سے اسکول پک اینڈ ڈراپ کے دوران متعدد بار مبینہ زیادتی کے مقدمے میں مطلوب رکشہ ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزم رشید اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی دوران مبینہ طور پر ساتھی کی فائرنگ سے ملزم زخمی ہوا اور بعد ازاں ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم پر الزام تھا کہ وہ اسکول لے جانے اور واپس گھر چھوڑنے کے دوران بچی کو متعدد مرتبہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنا چکا تھا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کے قبضے سے مبینہ طور پر غیر قانونی اسلحہ اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے متعلقہ ڈویژنل ایس پی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی او پیپلز کالونی کی نگرانی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جبکہ شہر کے مختلف مقامات پر ناکہ بندی بھی جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
