اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے نیا روزانہ بنیادوں پر عمل کرنے والا نظام منظور کر دیا ہے، جس کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اب پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گی۔
نئے طریقہ کار کے مطابق قیمتوں کا تعین گزشتہ سات کاروباری دنوں کے دوران عالمی منڈی میں قیمتوں کی اوسط کی بنیاد پر کیا جائے گا، تاکہ مقامی نرخ بین الاقوامی مارکیٹ سے ہم آہنگ رہیں۔
اس نظام کے تحت قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ اوگرا مقررہ طریقہ کار کے مطابق خود روزانہ قیمتوں کا اعلان کرے گا۔
اوگرا کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے روز پہلے سے جاری کردہ قیمتیں برقرار رہیں گی، جبکہ یکم جولائی 2026 سے عالمی قیمتوں کے حوالے سے روزانہ Platts Reference Prices بھی ادارے کی ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی۔
نئے نظام کے مطابق پیٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی، جبکہ اس کی شرح میں کسی بھی تبدیلی کے لیے فنانس ڈویژن کی منظوری لازمی ہوگی۔
مالی سال 2027 کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ان کے مارکیٹ شیئر کے مطابق پیٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔ درآمد یا سپلائی میں ڈیفالٹ کی صورت میں متعلقہ کمپنی نئی درآمدی اجازت سے نو ماہ تک محروم رہ سکتی ہے۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ بنیادوں پر مقرر کی جائیں گی۔
وفاقی کابینہ نے اوگرا کو ہدایت کی ہے کہ نئے پرائسنگ میکانزم پر فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔