لندن: برطانیہ میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے لندن کے تاریخی لنکاسٹر ہاؤس میں سفارتی کور کے وائس مارشل اسکاٹ فرسیڈن ووڈ کو اپنی تقرری کی اسناد پیش کر دیں۔
اس موقع پر ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے برطانوی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے برطانوی حکام کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹیپو عثمان نے 20 جولائی 2026 کو برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر کے عہدے کا چارج سنبھالا۔ وہ پاکستان کی فارن سروس کے سینئر سفارت کار ہیں اور دوطرفہ و کثیرالجہتی سفارتکاری میں طویل تجربہ رکھتے ہیں۔
اس نئی تعیناتی سے قبل وہ اسلام آباد میں چیف آف اسٹیٹ پروٹوکول کے منصب پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
ان کے سفارتی کیریئر میں متعدد اہم ذمہ داریاں شامل رہی ہیں، جن میں ریاض میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن، نیویارک میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن میں کونسلر، انقرہ میں فرسٹ سیکرٹری اور کینیڈا کے شہر وینکوور میں نائب قونصل کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینا شامل ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ٹیپو عثمان اپنی نئی ذمہ داری کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور عوامی سطح کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون میں اضافے کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔
