اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں توانائی کے شعبے سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے، جو ملک کے توانائی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جدید معیار کے مطابق تیار کی جانے والی ریفائنریز سے نہ صرف ملکی توانائی کی ضروریات بہتر انداز میں پوری ہوں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا اور ماحول دوست ایندھن کی دستیابی میں بھی اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موجودہ آئل ریفائنریز کی صلاحیت میں اضافے اور بہتری کے لیے اپ گریڈیشن ضروری ہے۔ یورو 4 اور یورو 5 معیار کے ایندھن کی تیاری سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی، عالمی ماحولیاتی ذمہ داریوں کی تکمیل اور عوام کو معیاری ایندھن کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
وزیراعظم نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی کارکردگی بہتر بنانے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے زور دیا کہ نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد اس پر بروقت اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطہ برقرار رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل کو تیز کیا جائے اور کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
