وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا سورینج کوئلہ کان حادثے پر اظہارِ افسوس، بلوچستان کے متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار یکجہتی۔
کراچی (ڈسٹرکٹ نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان کے علاقے سورینج میں پیش آنے والے افسوسناک کوئلہ کان حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق کان کنوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ کے عوام بلوچستان کے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سورینج کوئلہ کان کا المناک سانحہ پوری قوم کے لیے باعثِ صدمہ ہے اور اس نے ہر پاکستانی کو سوگوار کر دیا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کان کن ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی جانوں کا تحفظ اور محفوظ کام کے ماحول کی فراہمی حکومتوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے، لواحقین کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا فرمائے، جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو جلد اور مکمل صحت یابی نصیب فرمائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔