کراچی: میر رضا کے والد میر حسن نے قبر کشائی کے عمل پر اعتراض کرتے ہوئے نئے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے منظور شدہ سابقہ میڈیکل بورڈ ہی قابل قبول ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر حسن نے کہا کہ رات گئے میڈیکل بورڈ میں تبدیلی کی گئی، جس پر انہیں شدید تحفظات ہیں۔ ان کے مطابق پانچ رکنی بورڈ کی بجائے وہ صرف عدالت کے مقرر کردہ آٹھ رکنی میڈیکل بورڈ کو تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جب تک پہلے سے منظور شدہ بورڈ موجود نہیں ہوگا، وہ قبر کشائی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی متعدد سنگین خامیاں موجود ہیں جن پر پہلے ہی اعتراضات اٹھائے جا چکے ہیں۔
میر حسن نے پولیس کی کارروائی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ مختلف اوقات میں متضاد معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد آج دوبارہ قبر کشائی کا عمل انجام دیا جا رہا ہے۔ انتظامیہ نے اس موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قبرستان اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔
