پشاور مومن آباد میں فائرنگ کے بعد تنازعہ کا ڈراپ سین، تاجر انصاف کے صوبائی صدر حاجی شاہد خان کی کوششوں سے فریقین میں صلح
( پشاور( بیورو چیف شکیل خان
شیر باز اور حاجی مصری خان کے درمیان اختلافات ختم، بزنس مین کمیٹی سے وابستہ فریقین کا امن و بھائی چارے کا عہد مومن آباد: مومن آباد میں شیر باز اور حاجی مصری خان کے درمیان جاری تنازعہ، جس کے دوران فائرنگ بھی ہوئی اور دو افراد زخمی ہوئے، بالآخر خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ دونوں فریقین کا تعلق بزنس مین کمیٹی سے بتایا جاتا ہے۔ تاجر رہنما حاجی شاہد خان کی خصوصی کوششوں اور مؤثر مداخلت سے فریقین کو جرگے کے ذریعے بٹھا کر صلح کرا دی گئی۔ جرگے میں تاجر برادری کی بھرپور شرکت صلح کے لیے منعقدہ جرگے میں تاجر برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جرگے میں معتبر تاجر رہنماؤں اور عمائدین نے فریقین کے مؤقف سنے اور معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔حاجی شاہد خان کی کوششوں سے دونوں فریقین نے تمام گلے شکوے ختم کرتے ہوئے آئندہ بھائی چارے، باہمی احترام اور امن کے ساتھ رہنے پر اتفاق کیا۔ صلح کے بعد ماحول انتہائی خوشگوار ہوگیا اور شرکاء نے حاجی شاہد خان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہا۔
حاجی شاہد خان نے کہا کہ اختلافات کو دشمنی اور تصادم میں تبدیل کرنے کے بجائے بات چیت اور جرگے کے ذریعے حل کرنا ہی بہترین راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کا اتحاد اور علاقے کا امن سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
