اسلام آباد: پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر سعودی عرب سے براہِ راست فضائی رابطے کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آگئی، سعودی عرب کی نئی ایئرلائن ریاض ایئر پاکستان کے لیے اپنا باقاعدہ فضائی آپریشن شروع کرنے جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاض ایئر 14 اگست کو یومِ آزادی پاکستان کے موقع پر اسلام آباد کے لیے پروازوں کا آغاز کرے گی، جبکہ 18 اگست سے لاہور کے لیے بھی فضائی آپریشن شروع کردیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق اسلام آباد کے لیے ہفتے میں 7 پروازیں جبکہ لاہور کے لیے 3 پروازیں چلائی جائیں گی، جس سے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ریاض ایئر پاکستان کے فضائی آپریشن کے لیے بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے استعمال کرے گی۔ جدید طیاروں پر مشتمل نئی فضائی سروس سے مسافروں کو سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان سفر کے لیے مزید ایک آپشن دستیاب ہوگا۔
ریاض ایئر کی پاکستان میں آمد کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفری اور معاشی روابط کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی ایئرلائن کے فضائی آپریشن سے پاکستان میں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کے امکانات بھی ہیں، جبکہ فضائی رابطوں میں اضافے سے کاروباری، سیاحتی اور عوامی روابط کو بھی فروغ مل سکتا ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد سے فضائی آپریشن کے آغاز کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کے تناظر میں ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
