راولپنڈی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تمام ارکان اسمبلی، پارلیمنٹرینز اور پارٹی عہدیدار آج رات کی تیاری کریں، رات 10 بجے پاکستان کے ہر چوک کو ڈی چوک بنائیں گے۔
اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ رات 10 بجے پاکستان اور پی ٹی آئی کے پرچم لے کر چوکوں اور چوراہوں میں نکلیں۔
سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ روڈ پہنچے تھے۔ اس دوران راولپنڈی پولیس کی جانب سے اڈیالہ روڈ سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
فیکٹری ناکے پر وزیراعلیٰ نے پولیس اہلکاروں سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر سادہ لباس میں موجود ایک شخص سے بھی انہوں نے سوالات کیے، جس نے خود کو صحافی بتایا۔
صحافیوں کی جانب سے ملاقات کے امکانات اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق سوالات پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملاقات کا مقررہ وقت ختم ہونے تک انتظار کیا جائے گا، تاہم پارٹی ارکان اور عہدیداروں کو رات 10 بجے کی تیاری کی ہدایت کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2022 سے بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ درست نہیں اور ان کے بقول ملک کو ضد اور انا کی سیاست کے باعث نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی توجہ 27 ستمبر کے مارچ پر مرکوز رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر کی کال مخالفین کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکی ہے۔
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ خیبر میں گزشتہ روز عوام کی بڑی تعداد باہر نکلی اور دیگر اضلاع میں بھی عوامی رابطہ مہم جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو 20 لاکھ افراد اسلام آباد لانے کا اعلان کیا گیا ہے اور اس تعداد سے بھی زیادہ لوگ لائے جائیں گے۔ ان کے مطابق اگر حالات بہتر کرنا مقصود ہیں تو 28 ستمبر سے پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے۔
وزیراعلیٰ نے دیگر سیاسی جماعتوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مطابق باقی سیاسی جماعتیں ملک سے مخلص نہیں، جبکہ حکومتی وزرا کی جانب سے بھی نظام کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
