پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر (پی کے ایل آئی) راولپنڈی میں پہلا کامیاب گردہ ٹرانسپلانٹ مکمل کرلیا گیا۔
اسلام آباد کے فراش ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ قیس اصغر کو ان کے 26 سالہ حقیقی بھائی انس اصغر نے گردہ عطیہ کیا۔
ڈاکٹر اسد بشیر، ڈاکٹر علی عابد نذر اور ڈاکٹر نصراللہ کی سربراہی میں ٹرانسپلانٹ کا عمل انجام دیا گیا، جو کسی پیچیدگی کے بغیر مکمل ہوا۔ ٹرانسپلانٹ کے بعد مریض اور گردہ عطیہ کرنے والے ڈونر دونوں کی حالت بہتر بتائی گئی ہے۔
اس خاندان کا تعلق مالی طور پر کم آمدنی والے طبقے سے ہے، جبکہ مریض اور ڈونر دونوں بے روزگار ہیں اور ان کے والد پولیس کے ریٹائرڈ کانسٹیبل ہیں۔
پی کے ایل آئی کے مالی معاونت کے شعبے نے مریض کے علاج کے 100 فیصد اخراجات برداشت کیے۔ مالی معاونت کے لیے مالی اسکریننگ ڈیپارٹمنٹ نے مریض کی اہلیت کا جائزہ لیا۔
اس سے قبل پی کے ایل آئی میں دو کامیاب لیور ٹرانسپلانٹ بھی کیے جاچکے ہیں۔ 25 اگست کو راجن پور کے ایک شہری کو اس کے بھانجے نے جگر عطیہ کیا، جبکہ 26 اگست کو کلرسیداں کے ایک شہری کو اس کی بہن نے جگر عطیہ کیا۔
دونوں لیور ٹرانسپلانٹ کے مریض صحت یاب ہو رہے ہیں۔ یہ ٹرانسپلانٹ پروفیسر ڈاکٹر فیصل سعود ڈار، ڈاکٹر احسان الحق اور ڈاکٹر بلال احمد خان کی ٹیم نے کیے۔
