اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں اسحاق ڈار کے رواں سال اگست میں برطانیہ کے دورے کے دوران ہونے والی مفاہمتوں اور طے پانے والے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اعلیٰ سطح پر مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت بھی زیر بحث آئی اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
