پاکستان کے اسپن آل راؤنڈر محمد نواز دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی میں فریکچر کے باعث نیشنل چیمپئنز کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق انجری کے باعث وہ کم از کم تین ہفتے کرکٹ سے دور رہیں گے۔
محمد نواز کو 12 اگست کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان گولڈ اور پاکستان بلیوز کے درمیان میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے انگلی پر چوٹ لگی تھی۔ حیران کن طور پر انجری کے باوجود انہوں نے اپنا 10 اوورز کا مکمل کوٹہ کرایا، تاہم ان کی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست ہوئی۔
13 اگست کو ہونے والے اسکینز میں انگلی کے فریکچر کی تصدیق ہوئی۔ اب محمد نواز دو ہفتے بعد پی سی بی کے اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کو رپورٹ کریں گے، جہاں ماہرین کی نگرانی میں ان کی بحالی کا عمل شروع ہوگا۔
ان کی میدان میں واپسی کا فیصلہ طبی معائنے اور ریکوری کی پیش رفت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
