لزبن: انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے مجموعی طور پر چار تمغے حاصل کرلیے۔
پاکستان کے لیے سب سے نمایاں کامیابی اعصام الحق قریشی نے حاصل کی، جنہوں نے مکسڈ ڈبلز میں دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اعصام الحق نے آسٹریا کی نینا ہرمن کے ساتھ جوڑی بنا کر فائنل میں ٹاپ سیڈ پرتگالی جوڑی کو شکست دی اور اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا۔
اعصام الحق اور عقیل خان نے مینز 45 پلس ڈبلز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے مینز 45 پلس ورلڈ ٹیم چیمپئن شپ میں بھی بہترین کھیل پیش کیا اور قومی ٹیم نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
اس کے علاوہ عقیل خان نے 40 پلس مکسڈ ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے مجموعی میڈلز کی تعداد چار تک پہنچا دی۔
یوں ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی یہ کارکردگی ملک کے لیے ایک نمایاں بین الاقوامی کامیابی بن گئی۔
