طالبان نے طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لیے امریکی اور نیٹو ہتھیاروں کی نمائش کی، فرانسیسی نیوز ایجنسی
**************
اسلام اباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) پانچ سال مکمل ہونے پر فرانسیسی میڈیا نے طالبان کی جانب سے امریکی اور نیٹو افواج سے حاصل کیے گئے فوجی سازوسامان کی نمائش کو نمایاں کیا ہے۔
فرانسیسی نیوز ادارے فرانس 24 کے مطابق طالبان نے کابل میں فوجی پریڈ کے دوران امریکی اور نیٹو افواج سے حاصل ہونے والی بکتر بند گاڑیوں، فوجی سازوسامان اور دیگر ہتھیاروں کی نمائش کی، جس کا مقصد اپنی عسکری طاقت کا مظاہرہ کرنا تھا۔
رپورٹ کے مطابق طالبان نے 2021 میں امریکی اور نیٹو افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑے گئے بڑے پیمانے پر فوجی سازوسامان پر قبضہ حاصل کیا تھا، جسے اب طالبان اپنی فوجی صلاحیت اور طاقت کے اظہار کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
فرانس 24 کے مطابق طالبان کے اقتدار کے پانچ سال مکمل ہونے کے باوجود افغانستان کو شدید معاشی مشکلات، انسانی بحران اور عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا سامنا ہے، جبکہ خواتین اور بچیوں پر عائد پابندیاں بھی عالمی سطح پر مسلسل تنقید کا باعث بن رہی ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان حکومت کی جانب سے فوجی طاقت کی نمائش ایک طرف اس کے اقتدار پر کنٹرول کو ظاہر کرتی ہے، تاہم دوسری جانب افغانستان میں انسانی حقوق، معاشی صورتحال اور خواتین کی آزادی سے متعلق مسائل بدستور عالمی توجہ کا مرکز ہیں۔
