حیدرآباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ریجنل ٹیکس آفس حیدرآباد نے سیلز ٹیکس قوانین اور ڈیجیٹل انوائسنگ کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں اور مختلف سامان کو تحویل میں لے لیا۔
ایف بی آر کے مطابق کارروائی سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی متعلقہ دفعات، ڈیجیٹل انوائسنگ کے تقاضوں، تھرڈ شیڈول اور دیگر قانونی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر کی گئی۔
کارروائی کے دوران کوئلہ لے جانے والی گاڑی نمبر زیڈ-5061 کو تحویل میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق گاڑی کے پاس نان ڈیجیٹل انوائس موجود تھی جبکہ اس کے سپلائر کا اسٹیٹس بھی نان ایکٹو پایا گیا۔
اسی طرح صنعتی مشینری لے جانے والی گاڑی نمبر سی-1320 بھی تحویل میں لے لی گئی۔ ایف بی آر کے مطابق متعلقہ مینوفیکچرنگ یونٹ غیر رجسٹرڈ تھا جبکہ گاڑی کے پاس سیلز ٹیکس کی درست انوائس یا مطلوبہ دستاویزات موجود نہیں تھیں۔
حکام نے پائپس لے جانے والی گاڑی نمبر ای-2141 کے خلاف بھی کارروائی کی۔ گاڑی کے پاس نان ڈیجیٹل سیلز ٹیکس انوائس موجود ہونے کی نشاندہی کی گئی۔
دوسری جانب گھی لے جانے والی گاڑیوں نمبر سی-3436 اور جی ایل ٹی اے-6026 کو بھی تحویل میں لیا گیا۔ ایف بی آر کے مطابق ان گاڑیوں کے پاس سیلز ٹیکس انوائس موجود نہیں تھی جبکہ گھی کی پیکیجنگ پر زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمت (ایم آر پی) بھی درج نہیں کی گئی تھی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تحویل میں لی گئی گاڑیوں اور سامان کو مزید تصدیق اور تحقیقات کے لیے گودام منتقل کردیا گیا ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق ٹیکس قوانین پر عمل درآمد، ڈیجیٹل انوائسنگ کے نظام کو مؤثر بنانے اور غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
