اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وفاق کے زیرِ انتظام تمام سرکاری اسپتالوں میں فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق وزیر صحت کی ہدایت پر اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ فائر سیفٹی آڈٹ مجاز اور ماہر فائر سیفٹی کمپنی کے ذریعے جامع طور پر کرایا جائے گا۔
آڈٹ کے دوران اسپتالوں میں فائر الارم، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی ایگزٹ اور انخلا کے راستوں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ بجلی اور دیگر ممکنہ فائر ہیزرڈز، ایمرجنسی رسپانس اور عملے کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری بھی جانچی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق آڈٹ میں سامنے آنے والی جان و مال کو فوری خطرے میں ڈالنے والی خامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔
تمام اسپتالوں کو آڈٹ کے آغاز، متعلقہ فائر سیفٹی کمپنی کے نام اور آڈٹ مکمل ہونے کی متوقع تاریخ سے وزارت صحت کو فوری آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کو بھی سرکاری اور نجی صحت اداروں میں فائر سیفٹی آڈٹ شروع کرنے اور اس کی تصدیق کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق آڈٹ کی تعمیل سے متعلق جامع رپورٹ پیش کی جائے گی، جس میں ان اداروں کی نشاندہی بھی کی جائے گی جہاں آڈٹ شروع ہوچکا ہے اور وہ ادارے بھی شامل ہوں گے جہاں آڈٹ کا عمل زیرِ التوا ہے۔
