تہران: ایران نے متحدہ عرب امارات میں واقع المنہاد ایئر بیس کو ڈرون حملے کا نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی فورسز نے کارروائی کے دوران اس فوجی اڈے کو ہدف بنایا جہاں امریکی اہلکاروں کے ساتھ ہیلی کاپٹرز بھی موجود تھے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی جزیرہ لارک میں پاسداران انقلاب کے اہلکاروں اور ایرانی شہریوں کی ہلاکت کے ردعمل میں کی گئی۔ تہران کے مطابق المنہاد ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا اسی سلسلے کی جوابی کارروائی ہے۔
دوسری جانب ابتدائی اطلاعات میں حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔ حملے سے متعلق ایرانی دعوے کی آزاد ذرائع سے بھی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تنصیبات کی سکیورٹی پہلے ہی اہم معاملہ بن چکی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں موجود المنہاد ایئر بیس بھی خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم مقام رکھتا ہے۔
ایرانی دعوے کے بعد متحدہ عرب امارات میں سکیورٹی صورتحال پر بھی تشویش بڑھ گئی ہے، جبکہ خطے میں آبنائے ہرمز اور دیگر فوجی سرگرمیوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تناؤ برقرار ہے۔
