اسلام آباد: بلوچستان کے علاقے گڈانی میں پاک بحریہ نے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساؤتھ زون کے ساتھ مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے تقریباً ایک ہزار کلوگرام آئس کی بڑی کھیپ ضبط کرلی۔
ذرائع کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 215 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن
یہ کارروائی جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے تعاون سے کی گئی، جس میں پاک بحریہ اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔
آپریشن کے دوران ضبط کی گئی منشیات مزید قانونی کارروائی کے لیے ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس ساؤتھ زون کے حوالے کردی گئی ہے۔
اسمگلنگ کی روک تھام کے عزم کا اظہار
کامیاب کارروائی مختلف اداروں کے درمیان مؤثر باہمی تعاون کی عکاس قرار دی گئی ہے، جبکہ اس سے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کا بھی اظہار ہوتا ہے۔
پاک بحریہ اور متعلقہ اداروں نے غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے پاکستانی سمندری حدود اور سرزمین کے استعمال کو روکنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
