کرپشن مافیا کے خلاف پنجاب میں فیصلہ کن راؤنڈ شروع، 54 افسر و اہلکار شکنجے میں
لاہور (ڈسٹرکٹ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر کرپشن کے خلاف پنجاب بھر میں فیصلہ کن کارروائیوں کا آغاز، 54 افسران و اہلکاروں کے خلاف معطلی، برطرفی، گرفتاریوں اور مقدمات کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔
محکمہ خوراک میں کرپشن کے الزام میں 48 افسران و اہلکار کارروائی کی زد میں آگئے۔ بہاولپور میں 6 فوڈ گرین انسپکٹرز اور چوکیداروں کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ برطرف ہونے والوں میں فوڈ گرین انسپکٹرز ساجد محمود خان، محمد سلیم، عاصم علی، عبدالرشید، محمد اسحاق اور طارق رشید شامل ہیں۔
گوجرانوالہ میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز ابوبکر رضا اور بابر جاوید سمیت شفیق، انصار بٹر، محمد نثار، سینئر کلرک وقار احمد، ذوالفقار علی، محمد علی شاہین اور عاطف حسین کے خلاف کارروائی کی گئی۔
بہاولپور میں وسیم طلحہ، ہارون عبداللہ اور عمر حیات چوکیدار کو بھی ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا، جبکہ سرگودھا کے فوڈ گرین انسپکٹر ندیم شہزاد، ملتان کے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر ہمایوں شوکت بھٹی اور چوکیدار رضاقت علی بھی کارروائی کی زد میں آگئے۔
ڈی جی خان میں فوڈ گرین انسپکٹر رانا عبدالستار، گجرات میں فوڈ گرین انسپکٹر حذیفہ یونس جبکہ فیصل آباد میں پی آر چوکیدار اللہ دتہ، عبدالغفار اور شہباز احمد کے خلاف کارروائی کی گئی۔
محکمہ خوراک نے کرپشن کے الزام میں مزید 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کردی۔ ان میں بہاولنگر کے محمد فیصل، اوکاڑہ کے محمد مسلم، نارووال کے عبدالمجید خان، رحیم یار خان کے محمد علی، ڈی جی خان کے خادم حسین اور میانوالی کے عبدالرحمان شامل ہیں۔
ساہیوال میں عمران بلوچ، ڈی جی خان کے رانا بن یامین، گجرات کے محمد خالد، اٹک کے رمضان سیال، چکوال کی سدرہ معراج، لیہ کے رانا ریاض، گوجرانوالہ کے علی عمران، بہاولنگر کے عدیل احمد اور میانوالی کے خادم فراز بھی محکمہ جاتی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔
کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن کارروائیوں میں بھی تیزی آگئی۔ وہاڑی میں چھاپہ مار کر سیکرٹری یونین کونسل ریاض احمد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
شیخوپورہ میونسپل کارپوریشن کے سینئر کلرک محمد اشرف کو مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ فیصل آباد میں ٹریپ ریڈ کے دوران کمپیوٹر آپریٹر زین السلام اور سیکرٹری یونین کونسل محمد اسلم کو گرفتار کرلیا گیا۔
بہاولنگر میں غلام مرتضیٰ گرفتار ہوئے، جبکہ منڈی بہاؤالدین میں لوکل گورنمنٹ کے جونیئر کلرک مدثر اقبال کو اینٹی کرپشن نے مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
گوجرانوالہ میں پی ایچ اے کے فیلڈ آفیسر قمر زمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف مہم کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، کرپشن فری پنجاب ہماری منزل ہے۔
*******
ڈسٹرکٹ نیوز — ہر ضلع کی آواز، ہر خبر آپ تک

