اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ (GPF) پر منافع کی شرح 12.05 فیصد سالانہ مقرر کردی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ قرارداد کے مطابق جنرل پروویڈنٹ فنڈ میں جمع رقوم اور سبسکرائبرز کے کریڈٹ بیلنس پر 12.05 فیصد سالانہ منافع دیا جائے گا۔
حکومت نے گزشتہ مالی سال 2024-25 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر منافع کی شرح 12.46 فیصد مقرر کی تھی، تاہم نئے مالی سال کے لیے اس شرح میں 0.41 فیصد کمی کردی گئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزارت ریلوے اور وزارت دفاع کے زیرِ انتظام مختلف پروویڈنٹ فنڈز کے بیلنس پر منافع کی شرح سے متعلق ضروری ہدایات متعلقہ وزارتیں الگ سے جاری کریں گی۔
وزارت خزانہ نے قرارداد کو گزٹ آف پاکستان میں شائع کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے، جس کے بعد مالی سال 2025-26 کے لیے جنرل پروویڈنٹ فنڈ پر 12.05 فیصد سالانہ منافع باضابطہ طور پر نافذ ہوگا۔
