کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 ستمبر کو خاران اور واشک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ خاران میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک بلاک کرکے ٹریفک کی روانی متاثر کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ واشک میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تباہ کردیا گیا اور 3 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق واشک آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 2.9 ٹن دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جسے مبینہ طور پر دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز) کی تیاری میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کی تلاش اور خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔
