امریکی فورسز کا 5 ایرانی آئل ٹینکرز تباہ کرنے کا دعویٰ
امریکی سینٹرل کمانڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے ایران سے خام تیل لے جانے والے 5 بحری جہازوں کو کارروائی کے دوران تباہ کر دیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق ایرانی آئل ٹینکرز کے خلاف یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب پاسدارانِ انقلاب نے دو روز کے دوران مبینہ طور پر امریکی جنگی بحری جہاز کو دو مرتبہ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
امریکی کمانڈ کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی جہاز نے ایرانی میزائل حملوں کی کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا، جبکہ اس کارروائی میں کسی بھی امریکی اہلکار کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تہران نے امریکی جنگی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی کوشش جاری رکھی تو ایران کو اپنے آئل ٹینکرز سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔
امریکی فوج کے مطابق ایرانی ٹینکرز کے خلاف کارروائی امریکی بحری جہازوں پر ہونے والے حالیہ حملوں کے جواب میں کی گئی۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے اردن میں موجود امریکی اہداف پر میزائل حملے کیے ہیں۔
تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے اردن میں موجود امریکی ایئربیس پر مبینہ میزائل حملے کے حوالے سے فوری طور پر کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
