اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ افغان طلبہ کی ویزا توسیع سے متعلق درخواستوں پر متعلقہ ادارے موجودہ پالیسی، قوانین اور ضوابط کے مطابق کارروائی کررہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان میں قیام کے لیے غیر ملکی شہری کے پاس درست پاسپورٹ اور ویزا ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی غیر ملکیوں کی وطن واپسی کے منصوبے کے تحت ایسے افراد جن کے پاس درست ویزا اور پاسپورٹ موجود نہیں، ان کا پاکستان میں قیام غیر قانونی تصور ہوگا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ درست سفری دستاویزات اور ویزا کے بغیر قیام کرنے والا غیر ملکی ملک بدری کا ذمہ دار ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان طلبہ کی ویزا توسیع کی درخواستوں کو بھی موجودہ قوانین اور قواعد کے تحت ہی نمٹایا جارہا ہے۔
