لنڈی کوتل میں ایک ماہ قبل اغوا ہونے والا تاجر بازیاب، غار میں قید تھا
پشاور: لنڈی کوتل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ قبل اغوا ہونے والے مقامی تاجر حاجی ظریف عرف لنڈے کو سدوخیل کے پہاڑی علاقے میں واقع غار سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
ڈی پی او وقار احمد کے مطابق حاجی ظریف کو 7 اگست کو لنڈی کوتل بازار کے قریب سے نامعلوم افراد نے اغوا کیا تھا، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی۔
پولیس کے مطابق مغوی کی تلاش کے لیے تقریباً ایک ماہ کے دوران 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ سائنسی بنیادوں پر تحقیقات اور مختلف شواہد کی مدد سے مغوی کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔
مصدقہ اطلاع ملنے پر پولیس نے رات گئے سدوخیل کے پہاڑی علاقے میں کارروائی کی، جہاں ایک غار میں حاجی ظریف کو قید رکھا گیا تھا۔ پولیس کے پہنچنے پر اغوا کار فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم مغوی تاجر کو بازیاب کرا لیا گیا۔
ڈی پی او وقار احمد کا کہنا ہے کہ اغوا میں ملوث گروہ کی شناخت اور نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ تاجر کے اغوا کے خلاف اس کے اہل خانہ اور مقامی شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے پاک افغان شاہراہ کو تقریباً ایک ماہ تک بند رکھا تھا۔
