کراچی: گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں دنیا کے بیشتر ممالک میں پیٹرول کی قیمتیں بلند ہیں، جبکہ پاکستان میں اس کے نرخ نسبتاً کم ہیں۔
گورنر ہاؤس میں ملازمین کے لیے آگاہی و تشخیصی آئی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ کیمپ کے دوران گورنر ہاؤس کے تمام ملازمین کا آنکھوں کا مکمل معائنہ کیا جائے گا، جس سے امراض چشم میں مبتلا افراد کو بروقت تشخیص اور علاج میں سہولت ملے گی۔
انہوں نے آنکھوں کے علاج اور عوامی صحت کے لیے خدمات انجام دینے والے اداروں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آنکھوں کے مختلف امراض میں مبتلا افراد کی بڑی تعداد موجود ہے اور اس کی کئی وجوہات ہیں۔ پی ای بی ایس بھی اس شعبے میں طویل عرصے سے خدمات انجام دے رہا ہے اور 1962 سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں آئی کیمپ کا انعقاد ایک مثبت اقدام ہے، ہمیں اپنے اردگرد موجود لوگوں کی ضروریات اور مشکلات کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا حق ہے، تاہم احتجاج کے دوران عام لوگوں کے لیے مشکلات پیدا نہیں ہونی چاہئیں۔
نہال ہاشمی نے جماعت اسلامی کے احتجاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنا احتجاج پرامن انداز میں ریکارڈ کرائیں اور شہریوں کے معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔
پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں دنیا بھر کے ممالک مختلف مشکلات سے دوچار ہیں، حکومت بھی عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت مقرر ہونے کے عمل میں کئی شعبے شامل ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نہیں چاہتی کہ عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ ان کے مطابق حکومت عوامی ریلیف کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور حالیہ عرصے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی بھی کی گئی۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ حکومت کو تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا ہے اور موجودہ حالات میں عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔
