اسلام آباد: ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام پر مزید مالی بوجھ ڈال دیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق یکم سے 10 ستمبر کے دوران صرف 10 روز میں پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 25 روپے جبکہ ڈیزل کے نرخ میں 22 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔
دستاویزات کے مطابق یکم ستمبر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 342 روپے 79 پیسے تھی، جو 10 ستمبر کو بڑھ کر 367 روپے 75 پیسے تک پہنچ گئی۔ اس طرح 10 روز کے دوران پیٹرول مجموعی طور پر 24 روپے 96 پیسے مہنگا ہوا۔
اعداد و شمار کے مطابق 2 ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 8 پیسے، 3 ستمبر کو 2 روپے 29 پیسے اور 4 ستمبر کو 2 روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا۔
5 سے 7 ستمبر کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 13 پیسے کمی ہوئی، تاہم اس کے بعد دوبارہ اضافے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ 8 ستمبر کو پیٹرول 12 روپے 90 پیسے، 9 ستمبر کو 5 روپے 58 پیسے جبکہ 10 ستمبر کو مزید 3 روپے 40 پیسے مہنگا کیا گیا۔
ڈیزل کی قیمت میں بھی مسلسل اضافہ
دستاویزات کے مطابق یکم ستمبر کو ڈیزل 370 روپے 41 پیسے فی لیٹر تھا، جو 10 ستمبر کو بڑھ کر 392 روپے 67 پیسے ہوگیا۔ اس طرح 10 روز میں ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 22 روپے 26 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ڈیزل کی قیمت میں 2 ستمبر کو 51 پیسے، 3 ستمبر کو ایک روپے 11 پیسے اور 4 ستمبر کو 2 روپے 28 پیسے اضافہ ہوا، جبکہ 5 سے 7 ستمبر کے دوران ڈیزل مزید 3 روپے 72 پیسے مہنگا کیا گیا۔
اسی طرح 8 ستمبر کو ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے، 9 ستمبر کو 4 روپے 18 پیسے اور 10 ستمبر کو مزید 6 روپے 72 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔
مسلسل اضافے کے نتیجے میں 10 ستمبر تک ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 392 روپے 67 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت 367 روپے 75 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی۔
