اسلام آباد: 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں نے سیاسی سرگرمیاں تیز کردی ہیں، جبکہ ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لیے مختلف جماعتوں سے رابطوں اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے چیمبر میں ہوا، جس میں بیرسٹر گوہر خان، بیرسٹر سلمان اکرم راجا، اسد قیصر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی اور تحریک انصاف کو احتجاج کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اپوزیشن رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں گے اور جلد آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس میں ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
اس حوالے سے تحریک تحفظ آئین کا اجلاس بھی 15 ستمبر کو طلب کیا گیا ہے، جس میں آل پارٹیز کانفرنس کی تیاریوں سمیت دیگر سیاسی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے خط کے بعد وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے دفاتر کے درمیان رابطے شروع ہوگئے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے لیے بھی مشاورت جاری ہے۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی، جس میں علامہ راجا ناصر عباس بھی شریک تھے۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور تحریک انصاف کے مارچ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا وفد آج سہ پہر 3 بجے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کرے گا۔ وفد کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
