ستمبر 1965 کی جنگ کے گیارہویں روز پاک افواج نے مختلف محاذوں پر بھارتی فوج کے خلاف بھرپور مزاحمت جاری رکھی، جبکہ ابتدائی کامیابیوں کے بعد پاکستانی فوج کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔
جنگ کے دوران بھارتی فوج نے کھیم کرن کے علاقے سے قصور کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی۔ بھارتی فورتھ ماؤنٹین ڈویژن، سیکنڈ انڈیپینڈنٹ آرمڈ بریگیڈ گروپ اور ایک اضافی ٹینک رجمنٹ نے حملہ کیا، تاہم پاکستانی افواج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پیش قدمی روک دی۔
لاہور سیکٹر میں بھی بھارتی فوج ہریکے برکی روڈ تک پہنچی، تاہم اسے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ سیالکوٹ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی کارروائی کے دوران متعدد بھارتی ٹینک تباہ کیے گئے۔
چھمب سیکٹر میں پاکستانی فوج نے دیوا کے شمال میں واقع ایک بھارتی چوکی پر قبضہ کیا، جبکہ سندھ راجستھان سیکٹر میں بھی پاک فوج نے پیش قدمی کرتے ہوئے گدرو کے علاقے میں مزید بھارتی چوکیوں پر قبضہ کیا۔
فضائی محاذ پر پاک فضائیہ نے ہلواڑہ کے مقام پر بھارتی مگ طیاروں کی ایک فارمیشن کو نشانہ بنایا، جبکہ مغربی بنگال کے باغ ڈوگرا ایئربیس پر بھی بھارتی طیاروں کو تباہ کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔
ادھر دوراکا آپریشن کے بعد پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں اپنی موجودگی اور برتری برقرار رکھی۔
