خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پشاور روڈ پر واقع پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد شہید ہوگئے، جن میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران 30 سے زائد زخمیوں اور 7 جاں بحق افراد کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ جائے وقوعہ پر 14 ایمبولینسز، ریسکیو ویکلز، ریکوری وہیکل اور 45 سے زائد ریسکیو اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے۔
حکام کے مطابق دھماکے کے بعد مسلح دہشتگردوں نے پولیس لائنز میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائی شروع کی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک خودکش حملہ آور نے اسپیشل برانچ کی عمارت کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ ایک دہشتگرد سنائپر بھی مقابلے میں مارا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران خودکش بمبار اور سنائپر سمیت 6 دہشتگرد ہلاک ہوچکے ہیں، جبکہ کلیئرنس آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ پولیس دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
