اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر کے 21.4 ارب ڈالر کی تاریخی سطح پر پہنچنے پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس پیش رفت کو ملکی معاشی استحکام کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذخائر میں اضافہ معاشی ٹیم کی مسلسل کوششوں اور کیے گئے اقدامات کا نتیجہ ہے۔
ان کے مطابق ترسیلات زر اور سروسز کی برآمدات میں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال میں استحکام اور مالیاتی نظم و ضبط نے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی کیپیٹل مارکیٹس میں پاکستان کی دوبارہ کامیاب رسائی عالمی سطح پر ملکی معیشت پر اعتماد کی بحالی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سے پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی اور عالمی معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔
شہباز شریف نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک، معاشی ٹیم اور بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق یورو بانڈز سے حاصل ہونے والی رقم کی آمد کے بعد پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 26 ارب 79 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں، جبکہ سرکاری ذخائر بھی تاریخی بلند سطح پر پہنچ گئے ہیں
