ٹرمپ کا روس سے متعلق پابندیوں کے قانون پر دستخط، چین اور بھارت پر اضافی ٹیرف کا راستہ کھل گیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور ایران سے متعلق پابندیوں کے نئے قانون پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد روسی توانائی کے بڑے خریدار ممالک، جن میں چین اور بھارت بھی شامل ہیں، پر 100 فیصد تک اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اختیار امریکی حکومت کو حاصل ہوگیا ہے۔
تاہم اس قانون کے تحت چین یا بھارت پر فی الحال 100 فیصد ٹیرف عائد نہیں کیا گیا۔ قانون میں امریکی صدر کو مخصوص شرائط پوری ہونے کی صورت میں روسی تیل یا گیس کے بڑے خریدار ممالک سے درآمد کی جانے والی اشیا پر اضافی ٹیرف لگانے کا اختیار دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر اس اختیار کو استعمال کرتے ہوئے ممکنہ طور پر 30 دن کے اندر متعلقہ ممالک پر ٹیرف عائد کر سکتے ہیں۔
روس سے توانائی کی خریداری کرنے والے بڑے ممالک میں چین اور بھارت بھی شامل ہیں، جس کے باعث نئے قانون کے ممکنہ تجارتی اثرات ان دونوں ممالک پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
نئے اقدامات کا مقصد روس کی توانائی سے حاصل ہونے والی آمدنی پر دباؤ بڑھانا اور ماسکو کے خلاف امریکی پابندیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
