مین لائن:
جی ٹی اے آئینی ژوب نے کنٹریکٹ بنیادوں پر اساتذہ کی بھرتی مسترد کرتے ہوئے مستقل تقرریوں کا مطالبہ کردیا۔
ژوب (بیورو چیف رفیق قیصرانی) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی ضلع ژوب کے صدر اور کابینہ نے محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کی مخالفت کرتے ہوئے اسے تعلیمی نظام کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔
مشترکہ بیان میں جی ٹی اے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی، طلبہ تنظیموں، اساتذہ اور بے روزگار نوجوانوں کو اس پالیسی کے خلاف مشترکہ آواز اٹھانی چاہیے، بصورت دیگر مستقبل میں اس کے منفی اثرات سامنے آسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کنٹریکٹ ملازمت کے باعث اساتذہ کو اپنے مستقبل اور روزگار کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا رہتا ہے، جبکہ معیاری تعلیم کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ کو ملازمت کا تحفظ اور مستقل بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے۔
جی ٹی اے آئینی ضلع ژوب نے حکومت بلوچستان اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا کہ کنٹریکٹ پالیسی پر نظرثانی کرتے ہوئے اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر بھرتی یقینی بنائی جائے۔
