صبا قتل کیس میں اہم پیشرفت، مرکزی ملزم عدنان بٹ کا ساتھی گرفتار
راولپنڈی: رتہ امرال پولیس نے مقتولہ صبا اور اس کے بھائی انوش کے اغوا کے مقدمے میں کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عدنان بٹ کے ساتھی وحید کو گرفتار کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم وحید نے مبینہ طور پر مقتولہ کے بھائی انوش کو اغوا کے بعد اپنے گھر میں رکھا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس ذرائع سے مدد لی گئی، جس کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم عدنان بٹ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے اور وہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہے۔
رتہ امرال پولیس نے قتل اور اغوا کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی انوش کی مدعیت میں درج کر رکھا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم وحید کے خلاف دستیاب شواہد کی بنیاد پر چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا تھا۔
