راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص علاقوں میں 27 ستمبر سے موبائل و انٹرنیٹ سروس محدود کرنے کی درخواست
راولپنڈی ریجن میں 27 ستمبر سے مخصوص مقامات پر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں راولپنڈی اور اٹک کے بعض علاقوں میں موبائل نیٹ ورک کی 2G، 3G اور 4G سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے اور جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق راولپنڈی میں براہمہ باہتر، گنجو، احاطہ، ٹیکسلا سٹی، واہ صدر، تھلیاں اور چکری سمیت مخصوص مقامات پر موبائل اور انٹرنیٹ سروس محدود کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق اٹک میں بھی بعض علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اقدامات کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروسز محدود کرنے کی درخواست پولیس کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب کے مطابق عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
