اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور ممکنہ موسمی خطرات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا۔
این ای او سی کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کا نظام شدت اختیار کر سکتا ہے، جس کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
متوقع بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی جبکہ بعض مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر، آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ خیبرپختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں ممکنہ سیلاب کا خدشہ ہے۔
این ای او سی کے مطابق 30 ستمبر تک پوٹھوہار، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، میانوالی، خوشاب، لیہ، سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت متعدد علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے اور متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں و وسائل تیار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
عوام کو برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور زیر آب سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز کرنے جبکہ نشیبی اور خطرناک علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
