شہباز شریف کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر گفتگو
نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی اور عالمی امن سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور عالمی امن و ترقی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو اہم قرار دیا۔
شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت مختلف علاقائی اور عالمی معاملات زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے واقعات کا معاملہ بھی اٹھایا اور اس رجحان کی روک تھام کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور افغان سرزمین سے دہشتگردی میں اضافے سے متعلق خدشات پر بھی گفتگو ہوئی۔
بیان کے مطابق انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور عالمی امن و سلامتی، تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ سیکرٹری جنرل نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں اور اس سلسلے میں دی جانے والی قربانیوں کو بھی سراہا۔
