برطانیہ کی اپنی سرزمین پر ایرانی مبینہ سرگرمیوں کے خلاف انتباہ
نیویارک: برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ برطانیہ اپنی سرزمین پر دھمکی، دباؤ یا کسی بھی قسم کی مبینہ دشمنانہ سرگرمی برداشت نہیں کرے گا۔
اسکائی نیوز کے مطابق ایڈ ملی بینڈ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال، جاری جنگ، آبنائے ہرمز اور برطانیہ میں ایران سے منسلک گروہوں کی مبینہ سرگرمیوں سمیت مختلف معاملات پر گفتگو ہوئی۔
برطانوی وزیر خارجہ نے ملاقات کے دوران واضح کیا کہ لندن اپنی سرزمین پر ایسے کسی اقدام کو قبول نہیں کرے گا جسے دھمکی، خوف پیدا کرنے یا دشمنانہ سرگرمی کے طور پر دیکھا جائے۔
ملاقات میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ بحری راستہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے حوالے سے اہم سمجھا جاتا ہے اور خطے میں جاری کشیدگی کے باعث اس کی صورتحال عالمی سطح پر زیرِ بحث ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے اور مختلف ممالک مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے، سفارتی کوششوں اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کر رہے ہیں۔
