صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخوا خلیق الرحمن کی زیر صدارت مالی سال 2026-27 کے میگا ہیلتھ منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری صحت فیاض علی شاہ، محکمہ صحت کے پلاننگ سیل کے حکام، متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے افسران اور دیگر اعلیٰ صحت حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت کو نئے ہیلتھ کمپلیکسز، میگا ہسپتالوں اور دیگر بڑے صحت منصوبوں کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام کی جانب سے مختلف مجوزہ منصوبوں کے لیے موزوں اراضی کی دستیابی، زمین کے انتخاب، نقشہ سازی، منصوبوں کی ضروریات اور مالی و ترقیاتی اخراجات سے متعلق امور پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نئے ہیلتھ کمپلیکسز اور میگا ہسپتالوں کے لیے موزوں اراضی کے انتخاب، زمین کی نقشہ سازی اور دیگر ضروری مراحل کو تیز کیا جائے اور تمام مالی و ترقیاتی اخراجات سے متعلق امور بھی جلد از جلد مکمل کیے جائیں، تاکہ ان اہم منصوبوں پر عملی پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔صوبائی وزیر صحت نے واضح کیا کہ یہ منصوبے صوبائی حکومت کے میگا اور فلیگ شپ منصوبے ہیں، جن کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ادارے باہمی رابطے اور مؤثر کوآرڈی نیشن کے ذریعے کام کریں اور کسی بھی مرحلے پر غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔خلیق الرحمن نے کہا کہ نئے ہیلتھ کمپلیکسز اور میگا ہسپتالوں کا قیام خیبر پختونخوا کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو معیاری، جدید اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی، جبکہ بڑے ہسپتالوں پر مریضوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ کو کم کرنے اور مختلف علاقوں میں صحت کی سہولیات کو وسعت دینے میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے کے لیے بڑے اور پائیدار منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ صحت کے شعبے میں ایسے میگا منصوبے شروع کیے جائیں جو نہ صرف موجودہ ضروریات کو پورا کریں بلکہ مستقبل میں بھی عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہوں۔وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبوں سے متعلق تمام ضروری کارروائی، اراضی کے معاملات، نقشہ سازی، مالی تخمینوں اور دیگر انتظامی امور کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے باقاعدگی سے فالو اَپ یقینی بنایا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کو بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے میں مزید اہم اقدامات اور میگا منصوبے متعارف کرائے گی، جن سے صوبے کے صحت کے نظام میں نمایاں اور دیرپا بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
