کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں اپ گریڈ کیے گئے تمام اسکولوں کو 2 اپریل 2027 سے فعال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ اسکول ایجوکیشن کا اجلاس ہوا، جس میں اپ گریڈ اسکولوں کے لیے اساتذہ، طلبہ کے داخلوں، فرنیچر اور دیگر بنیادی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مارچ 2027 تک مکمل ہونے والے اسکولوں کو اپریل میں تدریسی سرگرمیوں کے لیے مکمل طور پر تیار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف عمارتوں کی تعمیر کافی نہیں بلکہ بچوں کے داخلے اور معیاری تعلیم کی فراہمی بھی یقینی بنانا ہوگی۔
مراد علی شاہ نے اسکول سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں واپس لانے کے لیے صوبہ بھر میں داخلہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خاص طور پر طالبات کی تعلیم اور اسکول چھوڑنے والے بچوں پر توجہ دینے پر زور دیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ایس ایس ای آئی پی اور سلیکٹ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 1133 اسکول شامل ہیں۔ ان میں 838 اسکول ایس ایس ای آئی پی جبکہ 295 سلیکٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔
ٹھٹھہ میں پانچ نئے اپ گریڈ سیکنڈری اسکولوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ 21 سے 30 ستمبر تک جاری رہنے والی پائلٹ داخلہ مہم میں 702 بچوں کو چھٹی سے دسویں جماعت تک داخل کیا گیا، جن میں 409 طالبات شامل ہیں۔
اسی مہم کے دوران 102 ایسے بچوں کو بھی دوبارہ اسکول لایا گیا جو اسکول سے باہر تھے یا تعلیم چھوڑ چکے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پائلٹ مہم کے نتائج کو سراہتے ہوئے اس طرز کی داخلہ مہم کو صوبے کے دیگر علاقوں تک وسعت دینے کی ہدایت کردی
