پاکستانی شہریوں کے قتل پر پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج، تحقیقات کا مطالبہ
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے انٹرنیشنل بارڈر پر پاکستانی شہریوں کی ہلاکت کے واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 2 اکتوبر کو بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے بدیان سیکٹر میں دو پاکستانی شہریوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔ پاکستان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ نہتے شہریوں کے خلاف مہلک طاقت کا استعمال بلاجواز اور غیر متناسب تھا۔
ترجمان کے مطابق واقعے میں دو قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں، جبکہ پاکستان نے جاں بحق افراد کو درانداز قرار دینے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کردیا ہے۔ دفتر خارجہ نے واقعے کو بنیادی انسانی حقوق اور شہریوں کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی اصولوں کے حوالے سے تشویش ناک قرار دیا۔
پاکستان نے بھارت سے واقعے کی فوری، شفاف اور قابلِ اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت تحقیقات کے نتائج اور ذمہ دار افراد کے خلاف کی جانے والی کارروائی سے پاکستان کو باضابطہ طور پر آگاہ کرے۔
اعلامیے میں بھارت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قانون کا احترام یقینی بنائے، دوطرفہ انتظامات اور طے شدہ سرحدی طریقہ کار پر سختی سے عمل کرے اور ایسے واقعات سے نمٹتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے۔
پاکستان نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھارت سے مؤثر اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
