رتوڈیرو میں مسلح افراد کی فائرنگ، باپ اور 3 بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق
لاڑکانہ: رتوڈیرو کے جیکب آباد روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں باپ اور تین بیٹوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے جیکب آباد روڈ پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق افراد میں ایک ہی خاندان کے باپ اور اس کے تین بیٹے بھی شامل ہیں، جبکہ ایک راہ گیر بھی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوا۔
واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تلاش شروع کردی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رتوڈیرو میں پانچ افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ نے ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کرنے اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
مراد علی شاہ نے مقتولین کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت کی دعا کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی تنازعات کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوس ناک ہے۔
