اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں ڈی جی حج تیسری مرتبہ بھی شریک نہ ہوئے، جس پر کمیٹی ارکان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس احتجاجاً ملتوی کردیا۔
قائم مقام چیئرمین کمیٹی سینیٹر حافظ عبدالکریم نے ڈی جی حج کی مسلسل عدم حاضری پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے بار بار بلانے کے باوجود ان کی شرکت نہ کرنا تشویش کا باعث ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ سینیٹر ناصر بٹ نے ڈی جی حج کی عدم حاضری پر سخت کارروائی اور انہیں آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کی تجویز دی۔
سیکریٹری وزارت مذہبی امور نے کمیٹی کو بتایا کہ ڈی جی حج کی نئی تعیناتی کا عمل جاری ہے اور تین امیدواروں کی سمری وزیراعظم کو بھیجی گئی تھی، جسے مسترد کرکے نئی سمری طلب کی گئی ہے۔
کمیٹی نے ڈی جی حج کی ٹکٹ منسوخی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے وزیراعظم کو معاملے سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی اور آئندہ اجلاس میں ان کی حاضری یقینی بنانے کا کہا۔
