لاہور: خلیجی ممالک کی صورتحال کے باعث ہزاروں مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان کے مختلف ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں پروازیں منسوخ جبکہ متعدد تاخیر کا شکار ہوگئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 42 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 68 پروازوں کی روانگی یا آمد میں 2 سے 7 گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔ اس صورتحال سے مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے اور انہیں طویل انتظار کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق سعودی عرب جانے والی پروازوں کی منسوخی سے عمرہ زائرین کو بھی مشکلات پیش آرہی ہیں۔ سعودی عرب کے بعض ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی وجوہات کے باعث پروازوں کے شیڈول میں تبدیلیاں کی گئیں۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے 13 پروازیں منسوخ اور 12 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر 10 پروازیں منسوخ جبکہ 13 کی آمد یا روانگی متاثر ہوئی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 9 پروازیں منسوخ اور 8 تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے 7 پروازوں کی منسوخی کی اطلاعات سامنے آئیں۔
دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر ریاض کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے لیے کال سینٹر 111-786-786 سے رابطہ کریں۔ ایئرلائن نے پروازوں میں تبدیلی کے باعث مسافروں کو ہونے والی زحمت پر معذرت بھی کی ہے۔
