اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان کے ساحلی علاقے پسنی میں کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 72 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مکران کے ساحلی علاقے پسنی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔ اس دوران غیر آباد علاقے میں زمین کے اندر گڑھوں میں چھپائی گئی منشیات برآمد کی گئی، جو مبینہ طور پر بیرون ملک اسمگل کرنے کے لیے رکھی گئی تھی۔
کارروائی کے دوران منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ایک اسپیڈ بوٹ، تین انجن اور ٹویوٹا پک اپ بھی تحویل میں لے لی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق منشیات افغانستان سے اسمگل کرکے لائی گئی تھیں، جنہیں اسپیڈ بوٹ کے ذریعے پسنی کے ساحل سے بین الاقوامی پانیوں کی طرف منتقل کیا جانا تھا۔
اے این ایف کی بروقت کارروائی سے اسمگلنگ کی کوشش ناکام ہوگئی۔ حکام نے منشیات کے نیٹ ورک اور اس میں سہولت کاری کرنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں، جبکہ ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے مزید اقدامات جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے۔
