راولپنڈی میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی ٹیم پر تین ملزمان کی جانب سے فائرنگ کے واقعے میں 12 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کا ملزم ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ممریز عباسی کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق ایبٹ آباد سے بتایا جاتا ہے۔ ملزم سے 30 بور پستول اور گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔
فائرنگ کا واقعہ تھانہ رتہ امرال کی حدود میں عالم آباد اسٹاپ کے قریب چلڈرن پارک کے نزدیک پیش آیا۔ ہلاک ملزم پر الزام تھا کہ اس نے چند روز قبل 12 سالہ میمونہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گلا دبا کر قتل کردیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق بچی گھر سے مدرسے کے لیے نکلی تھی، جہاں سے ملزم اسے اپنے گھر لے گیا۔ مبینہ زیادتی کے بعد بچی کو قتل کردیا گیا، جبکہ اس کی لاش ملزم کی رہائش گاہ سے برآمد ہوئی تھی۔ گلی میں بچی سے ملاقات کے دوران اسے پیسے دینے کی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی۔
مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ پیرودھائی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کی تفتیش اور ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک تین روز قبل سی سی ڈی کو سونپا گیا تھا۔ واقعے کے مزید حقائق اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
