پشاور: دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں اور حساس مقامات کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے لیے پشاور پولیس کو 10 جدید بلٹ پروف بکتر بند گاڑیاں فراہم کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کردہ یہ گاڑیاں آپریشنل فورس کے استعمال میں لائی جائیں گی، تاکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران پولیس اہلکاروں کو بہتر تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق ضرورت پڑنے پر یہ بکتر بند گاڑیاں پشاور کے علاوہ خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی بھیجی جا سکتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیاں گورنر خیبر پختونخوا کے حوالے کی تھیں۔
حکام کے مطابق ان گاڑیوں کی فراہمی سے پولیس کی آپریشنل صلاحیت بہتر بنانے اور حساس علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات کو تقویت دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
