فیکٹ چیک: راولپنڈی میں پاکستان سری لنکا میچ کے دوران فوجی افسر کی ہلاکت کا دعویٰ بے بنیاد قرار
راولپنڈی: وزارتِ اطلاعات و نشریات نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے دوران ایک فوجی افسر کی دل کا دورہ پڑنے سے موت کے دعوے کی تردید کردی ہے۔
وزارت کے فیکٹ چیکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری وضاحت میں کہا کہ متوفی کا کرکٹ میچ سے کوئی تعلق نہیں تھا اور وہ پاکستان آرمی کا افسر بھی نہیں تھا، بلکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا ملازم تھا۔
اس سے قبل ایک صحافی نے دعویٰ کیا تھا کہ محمد فاروق نامی تقریباً 50 سالہ شخص میچ کے دوران بے ہوش ہوئے، جس کے بعد انہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔
وزارت کی جانب سے شیئر کردہ ایف آئی آر کے مطابق متوفی کی عمر 60 سال تھی اور گھر میں بجلی کا پلگ چیک کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے ان کی موت واقع ہوئی۔ واقعے کے بعد لاش بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی منتقل کی گئی تھی۔
فیکٹ چیک میں بتایا گیا کہ متوفی کے اہلِ خانہ نے بجلی کا کرنٹ لگنے کے واقعے کے بعد ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا تھا۔ حکام کے مطابق دستیاب ریکارڈ میں موت کی وجہ کرنٹ لگنا بیان کی گئی ہے۔
وزارت نے وضاحت کی کہ اس واقعے کو کرکٹ میچ کے ساتھ جوڑ کر پیش کرنا گمراہ کن ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی اطلاعات شیئر کرنے سے پہلے ان کی تصدیق ضرور کریں۔
